کراچی: شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں گھروں میں قائم دکانوں کوبھی مسمار کرنے کے لیے نوٹس موصول ہونا شروع ہوگئے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رہائشی مکانات میں قائم دکانیں فی الفور بند کی جائیں۔
نوٹس میں گھروں میں بنی دکانوں کو گرانے اور مقدمہ درج کرنے کا بھی کہا گیا ہے اور نوٹس کے متن کے مطابق ایسےگھروں کے مالکان کے شناختی کارڈ بھی بلاک کیے جاسکتے ہیں۔
دوسری جانب شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پہلا ہی نوٹس فائنل نوٹس کے طور پر بھیجا گیا ہے اور عدالتی احکامات کی آڑ میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ شہر بھر میں عدالتی احکامات پر تجاوزات کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے اور صدر و اطراف میں ایمپریس مارکیٹ میں قائم تجاوزات بھی گرادی گئی ہیں۔