کراچی: ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ پر بڑے ہوٹلوں نے روپے کی بجائے ڈالر میں بکنگ شروع کردی۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر آج تاریخ کی بلند ترین سطح 142 روپے تک گئی اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر 138.50 روپے پر بند ہوا۔
ذرائع کے مطابق ڈالر کی بڑھتی قدر دیکھ کر بڑے ہوٹلوں نے بھی روپے کی بجائے اب ڈالروں میں بکنگ شروع کردی ہے اور ملک کے تین فائیو اسٹار ہوٹلوں نے ڈالر میں بکنگ شروع کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد میں 2 اور کراچی میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل نے ڈالر میں بکنگ کی ہے جب کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ہوٹل بکنگ کے لیے ڈالر میں ریٹ کوٹنگ شروع کی گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق عموماً غیر یقینی صورتحال یا خراب معاشی صورتحال کے شکار ملکوں میں مقامی کرنسی کی جگہ ڈالر میں کمرے یا تقریبات بکنگ کے ریٹس کوٹ کیے جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہوٹل انڈسٹری کے ایک بڑے گروپ سے تعلق رکھنے والی شخصیت کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے تنگ آکر یہ فیصلہ کیا ہے۔