کراچی:کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) نے پاکستان میں آزادی صحافت کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت میڈیا شدید گھٹن اور بالواسطہ پابندیوں کا شکار ہے۔
سی پی این ای کے صدر عاف نظامی کی صدارت میں اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ماضی کی براہ راست اور بدنام زمانہ سنسرشپ رائج نہ ہونے کے باوجود میڈیا کا موجودہ ماحول ماضی سے بھی کہیں زیادہ بدتر اور ابتر ہے۔
قرارداد کے مطابق یوں محسوس ہوتا ہے کہ اخبارات پر مختلف قسم کی معاشی جکڑ بندیوں سے صحافت کی آزادی کو بالواسطہ طور پر کنٹرول کیا جارہا ہے۔
قرارداد میں مجوزہ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کو غیر دانشمندانہ قدم قرار دیتے ہوئے اسے پرنٹ میڈیا کیلئے خطرناک فیصلہ قرار دیا۔
قرارداد میں بعض اخبارات کی ترسیل میں پیدا کی گئی مختلف رکاوٹوں پر بھی تشویش کا اظہار کیاگیا۔اجلاس میں آزادی صحافت کیلئے ایک وسیع میڈیا کنونش منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔