مرتضیٰ وہاب نے ایپکس کمیٹی سے گورنر سندھ کو نکالنے کا تاثر غلط قرار دیدیا

کراچی:زیراعلیٰ سندھ کےمشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے ایپکس کمیٹی سے گورنر سندھ کو نکالنے کا تاثر غلط قرار دے دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا 23 واں اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہوا جس میں چیف سیکریٹری، کورکمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، صوبائی ناصر شاہ، مشیر وزیراعلیٰ مرتضیٰ وہاب اور دیگر حکام شریک ہوئے جب کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اجلاس میں شریک نہیں تھے۔

ماضی میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ مشترکہ طور پر کرتے تھے تاہم موجودہ گورنر عمران اسماعیل کو ایپکس کمیٹی سے نکالے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں  اور عمران اسماعیل نے  کہا تھا کہ ’اگر مجھے ایپکس کمیٹی سے نکالا گیا ہے تو یہ اچھی بات نہیں ہے‘۔

دوسری جانب ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے سے گفتگو کے دوران جب سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی سے گورنر سندھ کو نکالے جانے کا تاثر غلط ہے، گورنر سندھ ایپکس کمیٹی کے ممبر نہیں، انہیں اعزازی طور پر اجلاس میں بلایا جاتاتھا۔