کراچی سمیت سندھ میں گیس بحران چھٹے روز میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق آج بھی گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔ کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین بھی پریشان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں آج مسلسل چھٹے روز بھی گیس نایاب ہے جس کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز بند اور گھریلو صارفین کو ملنے والی گیس کا پریشر بھی کم ہے۔
شہر قائد میں گیس پریشر میں کمی کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں جب کہ ٹرانسپورٹر کی غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کے باعث سی این جی بسز بھی سڑکوں پر نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اسکول، کالجز، یونیورسٹی اور دفاتر جانے والے افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے، دوسری جانب سی این جی کی بندش کے باعث سی این جی اسٹیشنز بھی بند ہیں، سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے آج بھی سی این جی اور گیس سپلائی معمول پر آنے کا امکان نہیں ہے۔
ادھر سی این جی سٹیشنز مالکان نے گیس بحال نہ کئے جانے کی صورت میں آج سوئی سدرن کے دفتر کے باہر دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم کراچی کے دورے پر موجود وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے ملک بھر کے سی این جی سٹیشنز کو جلد گیس بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔