نیب جب ضروری سمجھے گا حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لے گا،فیاض چوہان

لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں لیکن وہ یہ پتلی گلی سے رات کے اندھیرے میں فرار ہورہے تھے، حمزہ شہباز کو علم ہے کہ انھوں نے پکڑے جانا ہے، نیب جب ضروری سمجھے گا حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لے گا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لاہور کےعوام کو ادراک ہوگیا ہے کہ کرپشن ن لیگ کا مطلوب اورمرغوب مشغلہ ہے، وعدہ معاف گواہ نیب کی ایجاد نہیں ہے ہر معاشرے و قانون میں موجود ہوتاہے، قیصر امین بٹ نے کہا کہ ندیم ضیا نہیں بلکہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق اہم سرغنہ اور فرنٹ مین تھے، دو دن سے خواجہ برادران چیخ رہے ہیں کہ انہیں ناشتے میں انڈے آمیلٹ نہیں مل رہا۔ کیا وہ سالگرہ منانے یا شالیمار باغ میں آئے ہیں، جس استقامت سے کرپشن کی اسی استقامت سے سزا بھی بھگتیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ افسوس (ن) لیگ نے اپنے دور حکومت میں پروڈکشن آرڈر کا قانون منظور نہیں کیا اور اب وہ اس معاملے پر واویلا مچا رہے ہیں،پنجاب اسمبلی میں 3 دفعہ پروڈکشن آرڈر کاقانون آیا لیکن خادم اعلٰی شہبازشریف نے مسترد کیا، ہم کوشش کر رہےہیں کہ پروڈکشن آرڈرکےمسئلے پر کام کیا جائے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نیب قانون کے مطابق کام کررہا ہے ریفرنس دائر ہونے پر ملزم کو گرفتار کرنا ضروری ہے ، تفتیشی ادارے فیاض چوہان یا عمران خان سمیت جسے طلب کریں وہ پیش ہونے کا پابند ہے۔ حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں لیکن وہ یہ پتلی گلی سے رات کے اندھیرے میں فرار ہورہے تھے، حمزہ شہباز کو علم ہے کہ انھوں نے پکڑے جانا ہے، نیب جب ضروری سمجھے گا حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لے گا۔ آج اگر وہ اسمبلی آرہے ہیں تو یہ میراکریڈٹ ہے۔