لاہور:چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے لیگی ارکان اسمبلی افضل کھوکھراورسیف الملوک کھوکھرکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیدیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر قبضہ نکل آیاتو پھر نہیں چھوڑوں گا،سب جانتے ہیں جو کہتا ہوں وہ کرکے بھی دکھانتا ہوں ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے ایل ڈی اے سے متعلق کیس کی سماعت کی،لیگی ارکان اسمبلی افضل کھوکھراورسیف الملوک کھوکھرعدالت میں پیش ہو گئے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے لیگی ارکان اسمبلی افضل کھوکھراورسیف الملوک کھوکھرکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیدیا،چیف جسٹس پاکستان نے پولیس اور ایل ڈی اے کو کھوکھربرادران کے ناجائز قبضوں کیخلا ف کھلی کچہریاں لگانے کا حکم دیدیااورکھوکھر برادران کو اپنے اہلخانہ کے نام تمام جائیدادکی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ بہتر ہے جتنی بیواؤں اور اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوںپرقبضے کئے ہیں خودچھوڑدو،ایم پی اے سیف المکوک کھوکھر نے کہا کہ ہم نے کسی کی جائیداد پر قبضہ نہیں کیا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اگر قبضہ نکل آیاتو پھر میں نہیں چھوڑوں گا،سب جانتے ہیں جو کہتا ہوں وہ کرکے بھی دکھاتا ہوں ۔اپنی ایم پی اے شپ کا رسک نہ لیں توبہترہے۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہمارے پاس بیواؤں اور یتیموں کی آپ کے خلاف بے شمار شکایات آ رہی ہیں،کسی بھی بیوہ او ر یتیم کی جائیداد پرقبضہ کرنے والے کو نہیں چھوڑ سکتے ۔
چیف جسٹس پاکستان نے اپنا موبائل نکال کر کھوکھربرادران کی شکایات کا انکشاف کیا،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں پراپرٹی ڈیلراشرف شاہ سے آپ کا کیا تعلق ہے ؟کھوکھربرادران نے کہا کہ ہم اشرف نامی پراپرٹی ڈیلر کو نہیں جانتے ،چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کو پکڑنا بہت مشکل ہے ،یہ لوگ شاطر طریقے سے کام ڈالتے ہیں اورثبوت نہیں چھوڑتے ،لکھ کر دیتا ہوں یہ سب لوگ ایک دن چھوٹ جائیں گے ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔