پاکستان تحریک انصاف نے سابق صدر اور شریک چیئرمین پی پی پی آصف زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست جمع کرادی ہے، پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے درخواست صوبائی الیکشن کمیشن آفس کراچی میں جمع کرائی۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دینے کے لیے پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان الیکشن کمیشن آفس پہنچے۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے درخواست وصول کرنے سے یہ کہہ کر معذرت کی کہ درخواست ان کی حدود میں نہیں آتی، الیکشن کمیشن حکام کامؤقف تھا کہ درخواست گزار الیکشن کمیشن پاکستان سے رجوع کریں۔
تاہم، خرم شیر زمان نے مطالبہ کیا کہ تحریری طور پر بتائیں کہ آپ درخواست وصول نہیں کر سکتے، جس پر درخواست وصول کر لی گئی۔
واضح رہے کہ آصف زرداری پر الیکشن گوشواروں میں اثاثے چھپانے کا الزام عائد کیاگیا ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آصف زرداری مین ہیٹن، امریکا میں ایک عمارت میں اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، لیکن انھوں نے امریکا میں اپارٹمنٹ کا اثاثوں میں ذکر نہیں کیا، اثاثے چھپانے پر ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے۔