بسنت منانے کے اعلان پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

لاہور:لاہورہائیکورٹ نے بسنت منانے کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26دسمبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے بسنت منانے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ بسنت خونی کھیل ہے،اجازت دی گئی تو کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے کا اندیشہ ہے۔سپریم کورٹ نے بسنت پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔
آئین کے تحت ہر شہری کی جان کی حفاظت کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے،عدالت بسنت منانے کے حکومت پنجاب کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت ، آئی جی پنجاب اور سیکریٹر ی سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے اور جوابات جمع کروانے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ عدالت نے سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے ۔
واضح رہےکہ پنجاب حکومت نے گزشتہ روز کئی سال سے بسنت پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کیا اور فروری میں بسنت منانے کا فیصلہ کیا گیا۔