کراچی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی کراچی کی سڑکوں پر نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جسے شہرِ قائد میں امن کی بحالی اور سیکیورٹی فورسز کی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے والے کراچی کے نوجوان اُس وقت خوشگوار حیرت میں ڈوب گئے جب اچانک ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو بغیر پروٹوکول کے اپنے ہمراہ پایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کچھ وقت نوجوانوں کے ہمراہ گزارا، کرکٹ کھیلی اور زوردار شاٹس لگائے۔ نوجوانوں نے سنہری موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ سیلفیاں لیں اور ویڈیوز بنائیں۔
میجر جنرل آصف غفور کے کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور بے پناہ مقبول ہونے والی ویڈیو پر صارفین نے پسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔
سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ روشنی کے شہر کی رونقیں بحال ہوگئیں، سڑک پر نائٹ میچ کھیلنے والے نوجوانوں کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے کرکٹ کھیلنے کا نادر موقع کھونے پر افسوس ہے۔ میں ترکی میں ہوں۔
City of Lights back in colours. Karachi boys enjoying late night road cricket with @OfficalDGISPR Missed the opportunity being at Turkey.
Thank you our brave security forces. pic.twitter.com/pnAzztB6ZT— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) December 22, 2018
ڈی جی آئی ایس پی آر نے شاہد آفریدی کی ٹویٹ کے جواب میں لکھا کہ آپ کی کمی شدت سے محسوس ہوئی لیکن آپ ہوتے تو کوئی مجھے بیٹنگ نہ کرنے دیتا۔ کراچی کے نوجوانوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔
Thank you Lala. Yes missed you. If you were there no one would have given me the bat!
Great to see the vibrant youth of Karachi. Thanks to sacrifices of Sindh Rangers, Police, LEAs and the resilient Pakistanis. https://t.co/etAlspewIR— Asif Ghafoor (@peaceforchange) December 22, 2018