اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف دو نیب ریفرنسز العزیزیہ اور فلیگ شپ کا فیصلہ کل سنایا جائے گا اور اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق احتساب عدالت کے اطراف پولیس کی ایک ہزار نفری تعینات کی جائے گی اور کمرہ عدالت میں نواز شریف کو کلوز پروٹیکشن یونٹ سیکیورٹی فراہم کرے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر آج شام سے پولیس تعینات کردی جائے گی، ضرورت پڑنے پر مزید پولیس فورس تعینات کی جائے گی اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو احتساب عدالت نہیں جانے دیا جائے گا۔
اس موقع پر 1400 پولیس افسران و سیکیورٹی اسٹاف تعینات کیا جائے گا۔ آنسو گیس کے 400 اضافی شیل، ربڑ کی گولیاں اور ڈنڈ ا بردار 12 اسپیشل اسکواڈز بھی تشکیل دیے گئے ہیں۔ قیدیوں کی 8 وینز سٹی زون کے اہم مقامات پر موجود ہوں گی۔ چاروں زونل ایس پیز اپنے علاقوں میں صورتحال کی مانٹیرنگ کر یں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز بھی موجود رہے گی۔