کابل: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں کابل پہنچے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور دیگر سے ملاقات کی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورافغان وزیرخارجہ ربانی کے درمیان وفود کی سطح پرملاقات ہوئی جس میں علاقائی اوربین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور افغان مفاہمتی عمل، معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پربات چیت کی گئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کی جب کہ افغان وفد نے افغانستان کے وزیر خارجہ ربانی کی قیادت میں شرکت کی۔
بعد ازاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر اشرف غنی سے صدارتی محل میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات بہتربنانے سمیت دیگر اہم علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان صدر نے افغان امن عمل کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام دونوں ممالک اور خطے کے لیے بہتری کا موجب ہوگا۔
دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کابل کا دورہ مکمل کرنے کے بعد تہران روانہ ہوگئے، وزیرخارجہ تہران میں اعلیٰ ایرانی قیادت سےاہم ملاقاتیں کریں گے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان، ایران، چین اورروس کے چارروزہ دورے پر روانہ ہوئے۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے۔