پاکستانی سفیرعلی جہانگیر صدیقی نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا

واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بیرون ممالک سبکدوش سفیروں کو چارج چھوڑنے کے لیے ڈیڈ لائن دی گئی تھی، بعد ازاں علی جہانگیرصدیقی نے چارج چھوڑنے کے لیے 2 ہفتے کا وقت مانگا تھا۔
جس پر وزارت خارجہ نے علی جہانگیرصدیقی کو مزید 2 ہفتے کا وقت دیا تھا، جبکہ آج انہوں نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا، نئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسدمجید جلد ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی جہانگیرصدیقی کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات بہتر حال میں چھوڑ کر جارہا ہوں، دونوں ممالک میں اعلیٰ سطح پر رابطے ہورہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق علی جہانگیرنے وزارت خارجہ سے بچوں کی تعلیم مکمل ہونے تک کاوقت مانگا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ذرائع نے کہا تھا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے پر کینیڈا میں ہائی کمشنرطارق عظیم خان، سعودی عرب میں سفیرخان حشام بن صدیق چارج چھوڑ دیا، جبکہ مراکش، کیوبا اور سربیا میں سفیروں نے بھی چارج چھوڑ دیا ہے۔