اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے وزراء اور پارٹی رہنماؤں کااہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے، اجلاس میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے سے متعلق مشاورت اورملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی بیانیہ اور لائحہ عمل طے ہوگا۔ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا۔
دوسری جانب نواز شریف کے خلاف فیصلے کے تناظر میں جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوگا، اجلاس میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے سے متعلق مشاورت ہوگی۔ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان حکومتی پالیسیوں پر رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے، مختلف امور پر پارٹی اور حکومت کا نقطہ نظر واضح کریں گے، جبکہ ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی کارکردگی پر بھی غور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے ترجمان اور اسپوکس پرسنز کو طلب کیا گیا ہے، تاکہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی بیانیہ اور لائحہ عمل طے ہو اور قومی میڈیا میں پارٹی موقف کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے۔
دوسری جانب نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنس کے فیصلےکے موقع پر جڑواں شہروں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو احتساب عدالت نہیں جانے دیا جائے گا جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید پولیس فورس تعینات کی جائے گی۔