افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیر کو کار بم دھماکے کے بعد مسلح افراد نے وزارت پبلک ورکس کی عمارت پر دھاوا بول دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق شہر کے وسطی علاقے میں سہہ پہر کو زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد فائرنگ کی آواز سنائی دی۔ علاقے پر دھویں کے بادل بھی چھا گئے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا وزارت پبلک ورکس کی عمارت کے قریب پہلے ایک کار بم دھماکہ ہوا جس کے بعد دھماکہ کرنے والے متعدد مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے عمارت میں داخل ہوگئے۔
دھماکے سےمتعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں وزیر اکبر خان اسپتال منتقل کیا گیا۔
حملے کے بعد افغان سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی۔ آخری اطلاعات تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔