کابل:افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سرکاری عمارت پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں43افراد جاں بحق ہوگئے۔ افغان طالبان نے ایک بیان میں اس حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
کابل میں پیر کی سہہ کار بم دھماکے کے بعد مسلح افراد نے وزارت پبلک ورکس کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔ حملہ آوروں کے عمارت میں گھسنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے لیا تھا اور فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جو رات گئے تک جاری رہا۔افغان حکام نے منگل کو اس واقعے میں 43 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں میں ایک پولیس اہلکار اور 28 شہری بھی شامل ہیں۔
افغان حکام کا کہنا ہے ک افغان فورسزکی جوابی کارروائی میں 3 حملہ آورمارے گئے، جبکہ ایک حملہ آور حملے کے آغاز میں کاربم دھماکے میں مارا گیا تھا اس طرح واقعے میں 4حملہ آور ہلاک ہوئے۔
افغان حکام نے بتایا ہے کہ افغان فورسز نے عمارت میں پھنسے 350 افراد کو آزاد بھی کرا لیا ہے، افغان فورسز نے رات گئے عمارت کو کلیئر کیا۔
افغان حکام کے مطابق سرکاری کمپاؤنڈ پر حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی،واقعے میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں زیادہ تر شہری ہیں۔
دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں اس حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔