افغانستان کے صدارتی انتخابات ملتوی

افغانستان میں صدارتی انتخابات تین ماہ کے لیے ملتوی کردی گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے کیا گیا ہے تاہم افغانستان کے پشتو ذرائع ابلاغ اس کا تعلق امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے براہ راست مذاکرات سے جوڑ رہے ہیں۔

صدارتی انتخابات اپریل میں ہونے تھے لیکن اب انہیں وسط جولائی یا اگست تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حتمی تاریخ کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔

افغان الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بین الاقوامی خبر رساں اداروں کو بتایا کئی بیشتر صدارتی امیدوار مقررہ وقت میں رجسٹریشن نہیں کرا سکے تھے جبکہ اکتوبر کے پارلیمانی انتخابات میں سامنے آنے والی شکایات بھی انتخابات کے التوا کا سبب بنی ہیں۔ انتخابات کو ملتوی کرکے انتظامات بہتر بنائے جائیں گے۔

دوسری جانب افغانستان کے پشتو ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد اور طالبان کے درمیان ابو ظہبی مذاکرات کے بعد سے انتخابات ملتوی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

بدھ کو افغان ٹی وی طلوع نیوز نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ طالبان اور امریکہ میں براہ راست مذاکرات کا چوتھا دور اب سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والا ہے۔