کراچی: چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ایف ایم ریڈیو کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے ایف ایم 96.6 کی آج سے 24 گھنٹے نشریات کے آغاز پر یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ میڈیا کا دور ہے اور میڈیا میں آگے بہت چیلنجز ہیں۔جامعہ سندھ مدرستہ الاسلام کا سندھ کی تعلیم میں اہم کردار ہے۔ ممتاز علی شاہ نے کہا کہ یہاں سے پڑھنےوالے طالب علموں نے بڑے کارنامے انجام دیئے جن میں قائد اعظم محمد علی جناح کا نام سر فہرست ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرسندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شیخ کاکہنا تھا کہ دی وائس آف ایجوکیشن ریڈیو جامعہ کے طلباء آپریٹ کرتے ہیں۔یہ کسی بھی جامعہ میں چلنے والاواحد ریڈیو ہے جو 24 گھنٹے چلتا ہے۔