اسلام آباد: پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین شہباز شریف کی صدارت میں آج ہوگا، اکائونٹنٹ جنرل آف پاکستان کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔
دوسری جانب ایک نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک اکائونٹس کمیٹی نے نیب سے بریفنگ لینے کا فیصلہ موخر کر دیا۔
گزشتہ اجلاس میں چیئرمین پی اے سی نے نیب سے 168 زیرالتواء کیسز کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ نیب حکام کو منگل کے روز سہ پہر دو بجے بلایا گیا تھا جہاں انہوں نے زیر التوا کیسز کی حوالے سے بریفنگ دینا تھی۔
جمعے کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور چئیرمین پی اے سی شہباز شریف کی صدارت میں ہوا تھا۔
اجلاس کی صدارت کرنے کے لیے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیئے جا چکے ہیں۔ اجلاس یکم جنوری تک جاری رہے گا۔
رواں ماہ حکومت نے شہباز شریف کو چئیرمین پی اے سی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔ شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسیکنڈل اور صاف پانی کیس سمیت اربوں روپے کے مبینہ گھپلوں کے الزامات کی بنیاد پر نیب کی تحویل میں ہیں۔