کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی ایک اور واردات نے پیر کو ایک شخص کی جان لے لی۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی ) کے ملازم شفیق کو اوکھائی میمن مسجد حسین آباد بلاک 2 فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم دہشت گردوں نے گولیاں مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول کا پورا نام شفیق احمد ولد سید اعجاز علی تھا اور اس کی عمر 30 برس کے لگ بھگ تھی۔
شفیق احمد ناتھ کراچی سیکٹر فائیو سی فور کے رہائشی تھے۔ وہ کے ایم سی میں بطور کلرک کام کرتے تھے۔
شفیق موٹرسائیکل پر جا رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ عزیز آباد پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 9 خول ملے ہیں۔
پولیس نے قتل کی تحقیقات مختلف پہلوئوں سے شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں سیاسی یا فرقہ وارانہ دہشت گردی دونوں ہی امکانات کاجائزہ لیا جا رہا ہے۔
کراچی میں دسمبر کے مہینے میں ٹارگٹ کلنگ کی کئی وارداتیں ہوچکی ہیں۔ 23 دسمبر کو ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے دفتر پر فائرنگ سے دو کارکن مارے گئے تھے جبکہ 25 دسمبر کو دہشت گردوں نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما علی رضا عابدی کو قتل کردیا تھا۔