کراچی پولیس نے ایک 22 سالہ خاتون کو بازیب کرا لیا ہے جسے اس کے میکے کے رشتہ داروں نے اغوا کرلیا تھا اور مبینہ طور پر قتل کرنا چاہتے تھے۔
پولیس نے ایک خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
کراچی کے علاقے سائیٹ سپر ہائی وے میں ٹول پلازہ کے قریب واقع جان محمد بروہی گوٹھ میں منگل کو پولیس نے ناکہ بندی کرکے 22 سالہ نجمہ کو بازیاب کرایا۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت منظور، شبیر، عبدالحمید اور عذرہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نجمہ نے تین ماہ قبل گھر والوں کی مرضی کے خلاف صفدر کے ساتھ شادی کی تھی۔ اس کے بعد 15 اکتوبر کو دونوں ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور نکاح نامہ رجسٹرڈ کرایا۔
دونوں نے اپنی زندگی شروع کردی تھی تاہم پیر اور منگل کی درمیانی شب نجمہ کو اس کے میکے والوں نے اغوا کرلیا۔
بازیابی کے بعد مغویہ نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ اغواءکار اس کے رشتے دار ہیں اوراسے گاؤں لے جا کر جان سے مارنا چاہتے تھے۔
پولیس نے نجمہ کے شوہر صفدر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔