لاہور: پنجاب میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی، انتظامیہ نے دوران سفر محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کا راج ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
مانگا منڈی، پتوکی رینالہ خورد، اوکاڑہ، گیمبر، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی، میاں چنوں اور خانیوال میں شدید دھند نے حد نگاہ کم کردی، جبکہ ملتان خانیوال موٹروے اور موٹروے ایم ٹو لاہور شیخوپورہ بھی دھند کی وجہ سے بند ہے۔
ترجمان کے مطابق حدنگاہ صفر سے 50 میٹر تک ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز اور سفر سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کریں۔
موبائل ایپ ’’این ایچ ایم پی ہمسفر‘‘ میں تازہ ایڈوائزری دیکھیں، سفر سے پہلے اور دوران سفر ایپ کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ ایپ سے موٹروے پولیس کی ریڈیو سروس ضرور سنیں، ریڈیو سروس سے دھند کی صورت حال ہر 15 منٹ بعد نشر کی جارہی ہے۔