العزیزیہ ریفرنس: ہائیکورٹ نے نوازشریف کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطلی کیلئے نوازشریف کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا اور درخواست مکمل کرکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
نواز شریف کے وکیل کی جانب سے جمع کرائی گئی سزا معطلی کی درخواست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعتراضات لگا کر واپس کر دیا ہے۔
رجسٹرار آفس کا کہنا تھا کہ درخواست نامکمل ہے، اسے مکمل کر کے لائیں۔ جس پر نواز شریف کے وکیل نے اعتراض دور کرنے کے لیے آدھے گھنٹے کا وقت مانگا۔
اپیل جمع کرانے کا وقت ختم ہونے کے باعث رجسٹرار آفس نے نواز شریف کے وکیل کو جمعرات کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنس کے خلاف اپیل جمع کرائی جس میں سزا کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے