لاہور : پنجاب کے کئی شہروں میں آج بھی دھند کا راج برقرار ہے ، قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی، انتظامیہ نے دھند کے باعث موٹرویز بند کردئیے۔ ادھر چیچہ وطنی میں قومی شاہراہ پر دھند کے باعث مسافر بس اور کار میں تصادم سے خاتون سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کا راج آج بھی برقرار ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
چیچہ وطنی ،میاں چنوں، خانیوال ،ملتان، لودھراں،مسافر خانہ ، بہاولپور،احمد پور شرقیہ خانیوال میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی ہے، جبکہ ملتان خانیوال موٹروے دھند کی وجہ سے بند ہے۔
ترجمان موٹر ویز کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، حد نگاہ 0 سے 50 میٹر تک، گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔
ترجمان کے مطابق شہری سفر سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کریں، موبائل ایپ ’ہم سفر‘ اور ریڈیو پر سفر سے پہلے اور دوران سفر معلومات کر سکتے ہیں۔
ادھر صوبہ پنجاب کے شہر چیچہ وطنی میں قومی شاہراہ پر مسافر بس اور کار میں تصادم سے خاتون سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس اور کار میں حادثہ دھند اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
حادثے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ مزید 4 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔