کراچی:صوبہ سندھ میں اب قوت سماعت سے محروم افراد بھی ڈرائیونگ کرسکیں گے،حکومتِ سندھ نے قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مختلف ممالک قوت سماعت سے محروم افراد کو لائسنس جاری کررہے ہیں تو پھر ہم انہیں جاری کیوں نہیں کررہے ۔
انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ کوہدایت کی کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ اور ٹریفک پولیس سے اس حوالے سے رائے لیں اور اس کے بعد قانون میں ضروری ترمیم کریں تاکہ قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جاسکیں ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ پاکستان میں قوت سماعت سے محروم افراد کی اچھی خاصی تعداد ہے جو کہ فعال زندگی گزاررہے ہیں اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تمام شہری قانون کے سامنے برابر ہیں اور انہیں قانون کے تحت مساوی تحفظ حاصل ہے اور اس میں کسی بھی بنیادپر کوئی تفریق نہیں جبکہ آرٹیکل 18 کے تحت تجارت و کاروبار یا پروفیشن کے حوالے سے آزادی کی ضمانت ہے۔
سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ کے خاص معاون برائے پروگرام ریلیٹڈ ٹو ڈفرینٹلی ایبل پرسن سید قاسم نوید نے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے سمسری بھیجی ہے، سمری میں وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے پر ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے ماہرین اور ٹریفک پولیس کے ساتھ معاملات کا جائزہ لینے اور قانون میں ترمیم کے لیے سفارشات مرتب کریں تاکہ قوت گویائی سے محروم افراد کو لائسنس جاری کیے جاسکیں ۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے، قوت سماعت سےمحروم افراد کو بھی ڈرائیونگ کے ذریعے روزگار کا حق ہے، اس لئے حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کےاجراکےلیے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔ یہ فیصلہ عدالت عظمی کےاحکامات پرکیا گیا ہے۔