شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا ہے۔
نیب لاہور کی جانب سے احتساب عدالت میں درخواست دی گئی کہ وہ شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہباز شریف کے اثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے جبکہ آمدن سے زائد اثاثوں کےکیس میں شہبازشریف سے تفتیش بھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔
نیب حکام کی جانب سے عدالت سے درخواست کو منظور کرنے کی استدعا کی گئی، جس کے بعد عدالت نے نیب حکام کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔
واضح رہے کہ نیب مختلف مقدمات میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیخلاف تحقیقات کررہا ہے جبکہ شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کا آغاز گزشتہ سال 28 اکتوبر کو کیا گیا تھا۔