اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کے مختصر دورے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان ایک روزہ دورے پر آج صبح اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا پُر تپاک استقبال کیا گیا۔
اس سے قبل محمد بن زید النہیان کی وزیر اعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات اور پاکستانی قیادت میں پاکستان کو دی جانے والی 3 ارب ڈالرز کی امداد اور سرمایہ کاری اقتصادی معاملات پر بھی گفتگو ہوئی ۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم عمران خان کی جبکہ متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت ولی عہد محمد بن زید کی۔
پاکستانی وفد میں خارجہ، خزانہ، منصوبہ بندی، اور اطلاعات کے وزراء سمیت وزیر پٹرولیم ،مشیر تجارت، وزیرمملکت برائے دفاعی پیداوار بھی شامل تھے۔
اس سے قبل ابوظبی کے ولی عہد کو پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا تھا جبکہ نور خان ایئربیس پر محمد بن زید النہیان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی تھی۔
وزیر اعظم عمران خان معزز مہمان محمد بن زید کو گاڑی میں بیٹھا کر اسے خود چلاتے ہوئے وزیر اعظم ہاوس لے کر پہنچے۔
خیال رہے کہ تین ماہ سے کم عرصے میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان یہ تیسری ملاقات ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کی خصوصی نوعیت کامظہرہے۔