کراچی:سائیبریا کی ہوائوں نے کراچی کا رخ کر لیا آئندہ دو روز میں سردی بڑھنے کا امکان،محکمہ موسمیات کے مطابق پارہ 10سے12 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی شدید سردی کا راج ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ شہر میں بھی سردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جہاں کا درجہ حرارت منفی 5 تک گر گیا ہے۔
اس کے علاوہ قلات میں منفی 7 اور دالبندین میں منفی ایک ڈگری تک گر گیا ہے جب کہ خضدار میں منفی 2 اور ژوب میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک بھر میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھاجانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے اور بالائی علاقوں میں گزشتہ روز سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔