دره آدم خيل: صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے درہ آدم خیل کے علاقے زرغونخیل میں کوئلے کی کان سے گزشتہ شب اغوا ہونے والے تمام 14 کان کنوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق اغوا کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے درہ آدم خیل کے اطراف میں پہاڑوں کو سیل کر دیا تھا جس کے بعد ملزمان مغویوں کو درہ اور خیبر کے سرحدی پہاڑی علاقے ڈونگے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
اطلاعات ملی ہیں کہ جس مقام پر مغویوں کو رات بھر رکھا گیا تھا وہاں سے دستی بم، پستول اور کئی ماسک ملے ہیں۔
گزشتہ شب اغوا ہونے والے مزدوروں کا تعلق ضلع شانگلہ اور درہ آدم خیل سے تھا۔ اغوا کاروں سے دو مزدور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ہی فرار ہو کر واپس اپنے ٹھکانے پر پہنچ گئے تھے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہونے والے مزدوروں نے ملزمان کے ٹھکانے کی نشاندھی کی تھی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیا تھا اور متعلقہ اداروں کو کان کنوں کی بازیابی اور اغواکاروں کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔