کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے جے آئی ٹی کی بدنیتی کو ظاہر کردیا ہے، آج شیخ رشید اور بہت سے لیڈران کے گھروں میں صف ماتم ہوگا۔
مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی میں بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام غلط طریقے سے ڈالا گیا، اس بات کی تائید سپریم کورٹ نے بھی کی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے، میں اور پیپلز پارٹی کی قیادت آج بھی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، کوئی استثنا حاصل نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج شیخ رشید اور بہت سے لیڈران کے گھروں میں صف ماتم ہوگا، وہ لوگ کہا گئے جو کہتے تھے کہ آج گرفتاری ہونے والی ہے۔
مشیر اطلاعات سندھ نے مزیدکہا کہ یہ لوگ دو ماہ سے عوام کا وقت ضائع کررہے ہیں،انہیں اب سمجھ نہیں آرہا کہ پریس کانفرنس کیسے کریں، انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے بجائے امور مملکت پر توجہ دیں۔