لاہور: پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان ریاست مدینہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر سیخ پا ہوگئے۔ انہوں نے صحافیوں کو نازیبا الفاظ سے نوازا ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایک سوال پر سیخ پا ہو کر میڈیا نمائندوں پر برس پڑے۔ حکومتی وزیر کے رویے پر صحافیوں نے احتجاج بھی کیا لیکن فیاض الحسن چوہان بات سنے بغیر ہی چل دیے۔
صحافی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے بیان’ پی ٹی آئی نے ریاست مدینہ کے جھوٹے نعرے پر حکومت بنائی‘ پر صوبائی وزیراطلاعات کا رد عمل جاننا چاہا جو موصوف کو ناگوار گزرا۔
صحافی کے سوال پر فیاض چوہان ناراض ہوگئے اور کہا کہ قاضی حسین احمد سے متعلق تعزیتی ریفرنس ہے ایسا سوال کرنے پر شرم آنی چاہیے، میڈیا کو شُتر بے مہار (بے لگام، ہر قسم کی پابندی سے آزاد) نہیں ہونا چاہیے اور تمیز ہونی چاہیے کہ کس جگہ کیا بات کرنی ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا ایسا سوال نہیں پوچھنا چاہیے جو تضادات کو ہوا دے۔
میڈیا نمائندوں نے فیاض الحسن چوہان کی گاڑی روک کر احتجاج بھی کیا لیکن صوبائی وزیر کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔
صحافیوں نے حکومتی وزرا کی بدلتی ہوئی روش پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی وزرا اپنا رویہ بہتر کریں۔
رواں برس 2 جنوری کو حکومت کے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے بھی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بد تمیزی کی تھی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال پر وفاقی وزیر نے انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کیا تھا جس پر صحافیوں نے بائیکاٹ کیا۔