افغان صدر کےخصوصی نمائندہ عمر دائود زئی نے اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر دونوں کے درمیان خطے میں امن اورافغان مفاہمتی عمل کے بارے میں گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق عمر دودزئی نے یہ مطالبہ دہرایا کہ طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں کابل انتظامیہ کی شمولیت کے لیے افغان طالبان پر پاکستان دباؤ ڈالے۔
کابل انتظامیہ کی شمولیت کے تنازعے پر طالبان نے قطر مذاکرات بھی منسوخ کردیئے
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن سے نہ صرف افغان عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ یہ خطے میں امن واستحکام کا بھی ضامن ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
افغان صدر کے نمائندہ خصوصی داؤد زئی نے خطے میں امن اور افغان مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق افغان صدر کے خصوصی نمائندے 4 روزہ دورے پرپاکستان پہنچے ہیں اور11 جنوری تک پاکستان میں قیام کریں گے۔