وزیراعظم عمران خان تمام پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔فائل فوٹو
وزیراعظم عمران خان تمام پیش رفت کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔فائل فوٹو

چیئرمین نیب عمران خان کی توہین کر رہے ہیں۔ فواد چوہدری پھٹ پڑے

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال وزیراعظم عمران خان کی توہین کر رہے ہیں۔

منگل کو صحافی حامد میر کے ٹی وی پروگرام میں فواد چوہدری نیب کے خلاف پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہاکہ نیب وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر کیس بند کرے.

انہوں نے کہاکہ 27 لاکھ کا ہیلی کاپٹر کیس جونیب نے بنایا ہوا ہے یہ زیادتی ہے۔ نیب پاکستان کے وزیراعظم کی توہین کر رہا ہے۔ عمران خان منصوبوں کا افتتاح کرنے ہیلی کاپٹر پر گئے تھے، اس پر کیس نہیں بنتا۔ پوری دنیا نیب پر ہنس رہی ہے۔

ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے خلاف مقدمات توہین نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ نے کرپشن مقدمات ختم کرانے کیلئے بلیک میلنگ کا طریقہ اپنا رکھا ہے۔

حامد میر نے پروگرام کے مذورہ حصے کا کلپ بھی شیئر کیا۔

پروگرام میں فواد چوہدری کے ساتھ مریم اورنگزیب بھی شریک تھیں۔ جن کے ساتھ وفاقی وزیراطلاعات کی جھڑپ ہوئی۔ فواد چوہدری نے انہیں ماں کے کردار ادا کرنے کے لیے مشہور بھارتی ادکارہ راکھی سے تشبیہ دے دی۔

مریم کو مخاطب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ آپ کے بڑے این آر او کی بات کر رہے ہیں، حسن اور حسین  نواز کیسے ملین آف  پائونڈز کے مالک بنے۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ این آر او کی بات کرتے ہوئے حکومت کو شرم آنی چاہیے۔ ایف آئی اے عمران خان کے ماتحت ہے علیمہ باجی کو این آر او وزیراعظم نے دیا ہے۔

فواد چوہدری نے اس موقع پر عمران خان کی بہن علیمہ خانم کے ذرائع آمدن بھی بتائے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خانم گذشتہ 20 برس سے کاٹن برآمد کرنے کا کاروبار کر رہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے اس پر کہا کہ کیا یہ تھے وہ ذرائع جن سے علیمہ باجی نے پراپرٹی خریدی؟ ۔ انہوں نے کہاکہ علیمہ باجی کے شوہر غالبا سرکاری افسر ہیں،جنہوں نے یہ پراپرٹی خریدی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم اورنگزیب جتنا پکا منہ بناکر بات کرتی ہیں،اس پر انہیں ایوارڈ دینا چاہیے، اتنا پکا منہ بنا کر راکھی بھی امیتابھ بچن کو بیٹا نہیں کہتیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ وہ راکھی کو پسند کرتی ہیں، اچھا ہے فواد نے انہیں راکھی سے تشبیہ دی۔ تاہم کچھ دیر بعد انہوں نے اس مماثلت پراعتراض بھی کیا۔