مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، اسٹاک مارکیٹ میں اربوں ڈوب گئےہیں، ہماری اسٹاک مارکیٹ کاشمار دنیا کی بدترین اسٹاک مارکیٹ میں ہورہا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہناتھا کہ ملکی تاریخ میں روپے کی قدر موجودہ حکومت کے دور میں سب سے زیادہ گری، موجودہ حکومت کی جانب سےڈیوٹی بڑھا دی گئی جس کی وجہ سےایکسپورٹ میں کمی آ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت چھوڑی تو گروتھ ریٹ 6 فیصد تھا جو کہ آج 3 فیصد ہے، ہم جب گئےتھے تو زرمبادلہ ذخائر 23ارب ڈالر تھےجو کہ آج 10 یا12 ارب ڈالر ہیں، یہ لوگ کہتے تھے کہ خود کشی کرلیں گے قرض نہیں لیں گے آج ملکی معیشت کا جو حال ہے اس پر سب کو تشویش ہے۔
حمزہ شہباز نے کہاکہ ہم نے لوڈ شیڈنگ کا جن بند کردیا تھا، آج پھر لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، آج سردی کے موسم میں بھی 12،12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، اورنج لائن کو بند کرنے کا سوچا جا رہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 400ارب کا کٹ لگایا ہے، موجودہ حکومت کی جانب سے ایٹمی طاقت کو دنیا بھر میںبھکاری کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
حمزہ شہباز کاکہنا تھا کہ کوئی آپ سے این آر او نہیںمانگ رہا ، آپ اپنے جھوٹ کے بوجھ تلے خود دب جائیں گے، اگر آپ میں ہمت ہے تو علیمہ خان پر جے آئی ٹی بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ لوگ ایک طرف سونے کیلیے ٹینٹ دیتے ہیں، دوسری طرف غریبوں کی جھونپڑیاں گرارہے ہیں، آپ نے گھر کیا دینے ہیں آپ نے توغریبوں کے گھر گرادیے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ابھی حکومت کوصرف 5ماہ ہوئے ہیں اور ہر طرف غیر یقینی کی صورتحال ہے، عمران نیازی اور اس کے وزرا جھوٹ بولتے ہیں، کہاں گئے جنوبی محاذ والے اور عمران خان کے وعدے؟ آپ کو جتنا جھوٹ بولنا ہے بول لیں،قوم آپ سے حساب لے گی۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت کے دہرے معیار ہیں، کل ایک وزیرکہتے ہیںکہ سرکاری ہیلی کاپٹر پر نیب کا عمران خان سے پوچھنا توہین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت گرانے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں ان کی کی بدتمیزی کا نشانہ پہلے اپوزیشن تھی اوراب صحافی بھی ہیں۔