وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گیس کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائے۔ میری آواز بنیں تاکہ اجلاس میں سندھ کی آواز اٹھا سکوں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ کے 3 وفاقی نمائندے ہیں جن کا پیپلز پارٹی سے تعلق نہیں، گیس پر مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کے لیے وفاق کو کل خط لکھوں گا، کراچی سے وزیر اعظم بھی الیکشن لڑ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، تھر کول کے فروری میں ٹیسٹ کریں گے۔ فروری میں بجلی کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بجلی سیدھا پنجاب جا رہی ہے، شاید ہمیں حصہ مل جائے۔ سندھ نے پانی و بجلی پر اپنا مؤقف بہت اچھے طریقے سے پیش کیا، اس لیے سندھ حکومت کچھ لوگوں کو کھٹکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ووٹ دیا ہے، سندھ کے حقوق لیں گے سندھ کے سی سی آئی ارکان ہمیں سپورٹ کریں۔
خیال رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی مشترکہ تحیقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا نام بھی شامل تھا، جس کے بعد حکومت نے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کردیا تھا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیر اعلیٰ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت کی تھی تاہم اس بارے میں مشاورت جاری ہے۔