علیمہ خان کی امریکا میں بھی جائیدادوں کا دعویٰ

وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی امریکہ میں بھی جائیدادیں موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پراپرٹی کی اس وقت مالیت30 لاکھ ڈالر یعنی تقریباًپینتالیس کروڑ روپے ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں نجی چینل کے رپورٹر احمد نورانی نے دعویٰ کیا ہےکہ وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کے امریکی شہرنیوجرسی میں چارمنزلہ عمارت میں 3فلیٹس ہیں جن کی اس وقت مالیت30 لاکھ ڈالر یعنی تقریباًپینتالیس کروڑ روپے ہے۔

انہوں نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہےکہ یہ جائیدادعلیمہ خان اوران کے بیٹے نے 2004 میں مارگیج سے خریدی گئی تھی۔

انہوں نے یہ جائیداد اپنے بزنس پارٹنر کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر خریدی تھی جس میں ان کاحصہ 75فیصد ہے

یہ فلیٹس 30جون 2017کے ٹیکس ریٹرن میں ظاہرنہیں کئے گئے تھے۔

علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد کا معاملہ

اس سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے علیمہ خانم کے دبئی میں فلیٹ کا ازخود نوٹس لیا تھا اور انہیں ٹیکس کی مد میں 2 کروڑ 94 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت کا کہنا تھاکہ رقم جمع نہ کرانے پرجائیداد ضبط کرکے وصولی کی جائے۔ علیمہ خان کو اس رقم کی ادائیگی کے لیے 13 جنوری تک کی مہلت دی گئی ہے۔

عدالتی حکم کے تحت علیمہ خان چاہیں توایف بی آر کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتی ہیں تاہم اپیل سے پہلے رقم جمع کرانی ہوگی۔ عدالت نے مزید کہا کہ اپیل منظور ہوئی تو رقم واپس ہوجائے گی۔

انہوں نے ایف آئی اے کو دیئے گئے اپنے حلفیہ بیان میں بتایا تھا کہ مذکورہ فلیٹ بیرون ملک کاروبار سے حاصل آمدنی سے خریدا گیاتھا۔ جو وہ فروخت کر چکی ہیں۔

علیمہ خان کی دبئی میں پراپرٹی کی مالیت تقریبا 7 کروڑ 40 لاکھ روپے تھی۔ ان کا فلیٹ دبئی کے قلب میں برج خلیفہ سے متصل تھا جو انتہائی مہنگا علاقہ ہے۔

واضح رہے کہ دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے 893 مالکان کو نوٹس بجھوائے تھے۔

نوٹسز والے افراد میں سے 450 افراد نے جائیدادوں کی ملکیت تسلیم کر لی تھی جبکہ 443 افراد نے اس حوالے سے کوئی جواب جمع نہیں کرایا تھا۔