سپریم کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی سزا کالعدم قرار دینے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) کی اپیل خارج کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کی ایوان فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت کی۔
جسٹس گلزار نے ریمارکس میں کہا ہائی کورٹ کافیصلہ سزا معطلی اورضمانت پر ہے ، ضروری نہیں کہ ہائی کورٹ کافیصلہاپیل پر بھی اثرانداز ہو، جہاں تک میرٹ کی بات ہے وہ ہم دیکھ لیں گے ، آپ بتائے ضمانت منسوخی کن نکات پر کی جائے۔
پراسیکیوٹر نیب کا کہنا تھا ضمانت صرف سخت حالات کے باعث ہوسکتی ہے ، ہائی کورٹ نےاپنے فیصلے میں سخت حالات کا ذکر نہیں کیا، جس پر جسٹس آصف سعیدکھوسہ نے ریمارکس دیے مسئلہ کیا ہے ، کیا نواز شریف کو بری کردیا گیا ہے۔
وکیل نیب نے کہا فیصلہ تقریبا بری کیے جانے کے مترادف ہے ، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہہ چکے ہیں عبوری حکم کی آبزرویشنزکا اصل اپیل پر اطلاق نہیں ہوتا۔
سپریم کورٹ نے نیب کی اپیل مستردکردی اور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا، جسٹس گلزار نے ریمارکس دیے کئی مرتبہ کہہ چکےہیں عدالتی آبزرویشن اور عبوری حکم فیصلے پر اثرانداز نہیں ہوتی، ضروری نہیں عدالتی آبزرویشن حتمی فیصلےمیں بھی شامل ہو۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے گذشتہ برس 6 جولائی کو نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 19 ستمبر کو معطل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔
Tags ایون فلیڈ ریفرنس