اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اپوزیشن کے این آر او لینے کے بیان کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر شہبازشریف سے میڈیا نمائندوں نے سوالات کیے۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ آپ واک آؤٹ این آر او لینے کے لیے کررہے ہیں؟
اس پر شہبازشریف نے جواب دیا کہ عمران خان کا یہ الزام اتنا بے بنیاد ہے کہ اس کا جواب دینا بھی مناسب نہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ جن امور پر مشاورت ہوگی اس سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔
یا درہے کہ وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ ہر سال پارلیمنٹ پر عوام کے ٹیکس کے کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں اور اپوزیشن کی جانب سے اجلاس سے ایک اور واک آؤٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن صرف یہی کر سکتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات حکومت پر دباؤ ڈالنے اور این آر او لینے کا حربہ ہیں، اس طرح کرپشن کے خلاف احتساب کو نہیں روکا جاسکتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیب کے مقدمات تحریک انصاف کے بنائے ہوئے نہیں ہیں۔