مالی اثاثوں کی سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے کے معاملے پر تین سو پچاس سے زائد اراکین اسمبلی نے تاحال گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کرائیں، جس کے باعث ان ارکان پر رکنیت معطلی کی تلوار لٹکنے لگی۔
ایوان بالا، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 350 سے زائد اراکین پر رکنیت معطلی کی تلوار لٹکنے لگی ہے، 800 سے زائد اراکین کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی گئیں۔ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر 350 سے زائد پارلیمنٹرینز کی رکنیت معطل ہونے کا خدشہ ہے۔
اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطلی کی سمری چیف الیکشن کمشنر کو بھجوا دی گئی، سمری کی منظوری کے بعد اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔
اسمبلی کی رکنیت معطل ہونے کی صورت میں ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے جبکہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے پارلیمنٹیرینز اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے۔