پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ احتساب کے لیے سب کو تیار رہنا چاہیے، عمران خان پارلیمان آئیں گے اور اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ احتساب عمران خان کا بھی ہوگا ، نواز شریف اور زرداری کا بھی، احتساب کے لیے سب کو تیار رہنا چاہئے۔
علی محمد خان نے کہا کہ ہم ایسی مثال نہیں بنانا چاہتے کہ اگر نواز شریف نہیں آتے تھے تو عمران خان بھی پارلیمان نہ آئیں، عمران خان پارلیمان آئیں گے اور آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ ایسی کوئی بات نہ کروں جو اپوزیشن کی طبیعت پر گراں گزرے، سوال پوچھنا اپوزیشن کا حق ہے یہ بھی معلوم ہونا چاہیے ماضی میں کیا ہوتا رہا ہے، ہم بھی کوئی کٹی پتنگ نہیں ہماری بھی تاریخ ہے جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ذوالفقار علی بھٹو زیر تعلیم تھے تو ان کے داد علی گڑھ یونیورسٹی کی طلبہ ایسوسی ایشن میں شامل تھے۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جس کی طرف دیکھ کر آپ کو زندگی کی نوید ملتی ہو۔
بعد ازاں علی محمد خان کی قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے احتجاج شروع کردیا اور قومی اسمبلی سے واک آئوٹ کردیا۔
اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔