عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ جس دن اٹھارویں ترمیم کوچھیڑاگیا سڑکوں پرنکل آئیں گے، عمران خان کوچیلنج کرتا ہوں کہ وہ آکراپنی جائیدادوں کی تفصیلات بتائیں۔
پشاور میں باچا خان کی برسی پر خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم سے کچھ لوگوں کو تکلیف ہورہی ہے، اٹھارویں ترمیم کو ہرگز ختم نہیں ہونے دینگے، جس دن اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا گیا سڑکوں پرنکل آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ باچا خان نے سو سال پہلے عدم تشدد کی بات کی تھی،باچا خان نے تعلیم کی ترقی کے لیے بے انتہا کوششیں کیں، دنیا نے باچاخان کوتسلیم کیا۔
اے این پی سربراہ نے کہا کہ کپتان کواحتساب کا بہت شوق ہے، اب ان کی باجی کی جائیدادیں نکل آئی ہیں، صرف دبئی میں نہیں امریکا میں بھی ہیں، عمران خان علیمہ خان کی جائیدادوں پر جے آئی ٹی بنائیں، اگر زرداری کی بہن جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوسکتی ہے توعمران کی بہن کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھی چیلنج کرتا ہوں کہ وہ آکر اپنی جائیدادوں کی تفصیلات بتائیں، کس پیمانے کے مطابق عمران خان کوصادق و آمین کہا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کپتان الیکشن سےپہلے کہتے تھے کہ اسفندیار کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں، کپتان وہ جائیدادیں مجھے دیدے میں 50 فیصد شوکت خانم کودینےکوتیار ہوں۔
اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ آج ملک میں سلیکٹڈ وزیراعظم ہے، فیصلے کہیں اورہوتے ہیں، عمران خان کی ڈورکسی اورکے ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع میں اس وقت کوئی قانون نہیں، لوگ جیلوں میں پڑے ہیں، 50 لاکھ گھر بنانے سے پہلے عمران خان وزیرستان کے تباہ شدہ گھر بنائیں۔