کراچی میں پولیس فائرنگ سے زخمی حاملہ خاتون خصوصی وارڈ میں منتقل

کراچی کے علاقے کورنگی میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب پولیس فائرنگ کی زد میں آکر گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے میاں بیوی جناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ خاتون حاملہ ہیں جن کا رات گئے کمر کاآپریشن کرکے لگنے والی گولی نکال دی گئی۔

دونوں میاں بیوی کوجناح اسپتال کے اسپیشل وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کورنگی سید علی رضا کا جناح اسپتال کا دورہ کیااور اسپتال میں ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی سے ملاقات کی ۔انہوں نے  زخمی میاں بیوی کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی درخواست کی۔

ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی نے دونوں زخمی میاں بیوی کو اسپیشل وارڈ منتقل کرادیا۔

ایس ایس پی علی رضا نے ڈاکٹر سیمی جمالی کے ہمراہ زخمی میاں بیوی کی عیادت کی، نجی کمپنی کے ملازم زخمی عدنان اور اس کی اہلیہ ثاقبہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

دونوں زخمی میاں بیوی نے گزشتہ رات کے واقعہ کے بارے میں ایس ایس پی کورنگی سید علی رضا کو آگاہ کیا، زخمی ثاقبہ 8 ماہ کی حاملہ ہے، زخمی خاتون ثاقبہ کا والد زرین خان کراچی پولیس کا ریٹائرڈ پولیس افسر ہے، ایس ایس پی علی رضا نے زرین خان سے فون پر بات کی، انہوں نے معاملہ داماد پر چھوڑ دیا۔