کراچی کے علاقے گارڈن ایسٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے موٹر سائیکل پر سوار ٹریفک پولیس کے اہلکار پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار موقع پرشہید ہوگیا ، شہید اہلکار کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق سولجر بازار کے علاقے گارڈن ایسٹ لکھپتی ہال سے متصل جامع مسجد ابو عبیدہ کے پاس آج صبح موٹر سائیکل پر سوارنامعلوم ملزمان نے ٹریفک پولیس اہلکار پر تیس بور پستول سے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے با آسانی فرار ہوگئے ، گولیاں لگنے سے ٹریفک پولیس اہلکار موقع پر شہید ہوگیا ۔
فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا ۔
ایس ایچ او عبداللہ بھٹو نے امت کو بتایا کہ شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت اسپتال میں 24 سالہ احتشام ولد عرفان کے نام سے ہوئی ، جوکہ مزار قائد ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا اور سولجر بازار کے علاقے گوشت گلی میں رہائش پذیر تھا جبکہ اسکا آبائی تعلق حیدرآباد سے تھا ، وہ پیر کی علی الصبح اپنی موٹر سائیکل پر پولیس یونیفارم پہن کر مزار قائد ٹریفک سیکشن جارہا تھا کہ مذکورہ مقام پر پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کردیا ،پولیس نے جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے چار خول اپنی تحویل میں لے کر فارنسک لیب بھیجوادیئے ہیں ۔
شہید کانسٹیبل احتشام احمد ولد محمد عرفان کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساوتھ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام کے علاوہ ڈی آئی جی ایسٹ،ڈی آئی جی ٹریفک کراچی،تمام زونل ایس ایس پیزٹریفک ودیگر پولیس افسران، اورجوانوں سمیت شہیدکے اہل خانہ دوست احباب اور اہلیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
آئی جی سندھ نے جنازے میں شریک شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ سے دکھ،افسوس،تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف جاری پولیس کے آپریشن میں ناصرف مزید تیزی لائی جائے بلکہ انتہائی متحرک اور مستعد اقدامات کی بدولت انٹیلی جینس بنیادوں پر کارروائیوں کو بھی انتہائی مربوط اور موثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف سندھ پولیس انتہائی منظم اور پرعزم ہے اور ایسے گھناونے ہتھکنڈوں سے پولیس کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا، اس موقع پر انہوں نے شہید کانسٹیبل کے ورثاء کے لئےتمام مروجہ مراعات کا اعلان کیا اور موقع پر موجود پولیس افسران کو جملہ ضروری قانونی ومحکمانہ اقدامات کو جلد سے جلد مکمل کرنیکے بھی احکامات دیئے۔