پنجاب حکومت نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں وائی فائی کی مفت سہولت بندکردی ۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے ریلوے اسٹیشن ، میٹرواسٹیشن، ائیرپورٹ ، کالجز، یونیورسٹیوں اورپبلک مقامات پر وائی فائی کی مفت سہولت دی گئی تھی جسے اب بند کردیا گیا ہے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے ذرائع کے مطابق وائی فائی کی مفت سہولت پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی طرف سے فراہم کی جارہی تھی لیکن پی ٹی سی ایل کو ابھی تک 15 کروڑ روپے واجبات کی ادائیگی نہیں ہوسکی ہے، ذرائع کے مطابق اس منصوبے کو جاری رکھنے کے لئے 19 کروڑ روپے درکار ہیں لیکن پنجاب حکومت نے اس اقدام کو سرکاری خزانے پر بوجھ قراردیتے ہوئے بندکردیا ہے ، بجٹ میں بھی اس منصوبے کے لئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس منصوبے پرکام کرنے والے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے ملازمین کو بھی فارغ کردیا جائیگا۔
یاد رہے کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی طرف سے دوسال سے عوامی مقامات پرشہریوں کو وائی فائی کی مفت سہولت دی جارہی تھی۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈنے 2017 میں شہریوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت لاہور،ملتان اورراولپنڈی میں 200 سے زائدمقامات پر شہریوں میں کو سہولت مہیا کی جارہی تھی ۔