جماعت اسلامی کا آج 150 شہروں میں احتجاج اور دھرنوں کا اعلان

اگر وزیراعظم نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی۔

October 23, 2026 · قومی
جماعت اسلامی کا آج 150 شہروں میں احتجاج اور دھرنوں کا اعلان

جماعت اسلامی کا آج 150 شہروں میں احتجاج اور دھرنوں کا اعلان

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی آج ملک کے 150 شہروں میں بیک وقت احتجاج اور دھرنے دے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزیراعظم نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لیوی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو یہ مثبت قدم ہوگا، بصورت دیگر جماعت اسلامی اپنا احتجاجی لائحہ عمل آگے بڑھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور اس کا مقصد محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں بلکہ اپنے زیر انتظام نو ٹاؤنز میں تعمیر و ترقی کے کاموں کے ذریعے کارکردگی دکھانے سے ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں ملک کی سیاسی جماعتیں عوامی مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دیتیں۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک چلائی، جس کے نتیجے میں عوام میں اس معاملے سے متعلق آگاہی بڑھی ہے۔