سابق وزیر ریلوےسعد رفیق کیخلاف پیرا گون کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئی جس پر عدالت نے ان کی رہا ئی کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں2رکنی بنچ نے قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔
نیب پراسیکیوٹرنے عدالت کو آگاہ کیا کہ قیصر امین بٹ پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، ان کی ضمانت منظور ہونے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں۔ قیصر امین کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب پراسیکیوٹر گارنٹی کیلئےقیصر امین بٹ کا نام ای سی ایل میں ڈلواسکتے ہیں۔
دونوں وکلا کا موقف سننے کے بعد عدالت نے قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ نیب نے پیراگون ہاوسنگ سکنیڈل کی تحقیقات کیلئے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو حراست میں لے رکھا ہے، قیصر امین بٹ پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹر کے عہدے پر کام کرتے رہے ہیں جس پر ان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔