سانحہ ساہیوال میں جاں بحق خلیل کےبھائی جلیل نے کہا کہ میرے گھر والے سرا دن سڑکوں پرخوار ہوتے رہے مگرصدر مملکت سے ملاقات نہ ہو سکی۔
سانحہ ساہیوال میں جاں بحق خلیل کےبھائی جلیل نے وکیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ صدرعارف علوی اور چیئرمین سینیٹ نے ملاقات کے لیے اسلام آباد بلایا تھا۔
پولیس فیملی کو سارا دن اسلام آباد کی سڑکوں پر گھماتی رہی پھر معلوم ہوا صدر کراچی اور چیئرمین سینیٹ بلوچستان چلے گئے ہیں۔
جلیل نے الزام لگایا کہ ہمارا تماشا بنایا جارہا ہے،صدر صاحب نے ہمیں بلایا اور خود کراچی چلے گئے،حکومت نے بہت مایوس کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فون کرکے ملاقات کے لیے بلوایا گیا تھا،ملزمان سیکیورٹی حصارمیں ہیں،ہمیں کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔
جلیل نے مزید کہا کہ ہم سے رات 3 بجے تک بیانات لکھوائے جاتے ہیں،یہ تماشا لگارہے ہیں،پہلے کیا کم لگا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزراء کے بیانات نے ہماری بہت دل آزاری کی ہے جبکہ جے آئی ٹی کی کارروائی کے بارے میں ہمیں کچھ علم نہیں ہے۔