پاک بھارت آبی تنازعات پر بات چیت کیلئے پاکستانی وفد بھارت روانہ

بھارت سے آبی مذاکرات کے لیے پاکستانی انڈس واٹر کمشنر کی سربراہی میں وفد بھارت روانہ ہو گیا۔

پاک بھارت انڈس واٹر کمشنر کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں تین رکنی پاکستانی وفد انڈس واٹر کمشنر پیر مہر علی شاہ کی سربراہی میں واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت روانہ ہوا۔

بھارت روانہ ہونے والا پاکستانی وفد 27 جنوری سے یکم فروری تک بھارت کا دورہ کرے گا۔

پیر مہر علی شاہ نے روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال اگست 2018 میں بھارتی ہم منصب پاکستان آئے تھے جب کہ اب انڈس واٹر ٹریٹی کے تحت 119 واں ٹور ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب پر بنائے جانے والے دیگر منصوبوں کے معائنہ پر مثبت اشارے دیے گئے ہیں جب کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھر پور آواز بلند کی جس پر کامیابی ملی ہے۔

پیر مہر علی شاہ نے کہا کہ بھارتی دریاؤں میں جو زیر تعمیر پراجیکٹس ہیں اُن کا دورہ کیا جائے گا اور انسپیکشن کی جائے گی۔ بھارت سے جو دریا پاکستان کی طرف آ رہے ہیں ان کے معاملات بھی دیکھے جائیں گے۔