وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری پوری دنیا آ رہی ہے، جو سرمایہ کار کرپشن کی وجہ سے ملک چھوڑ کر گئے تھے، وہ سب واپس آرہے ہیں۔
میانوالی میں نمل یونی ورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے والدین کے چہروں پر خاص خوشیاں دیکھ رہا ہوں، طلبا سے زیادہ والدین کے چہروں پرخوشی ہے، دیہاتی علاقے میں پرائیویٹ یونیورسٹی کے بارے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، اتنے دور دراز علاقے میں یونیورسٹی قائم کرنا مشکل ہوتاہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کامیابی اسے دیتا ہے جو محنت کرتا ہے، پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں،جو سرمایہ کار کرپشن کی وجہ سے ملک چھوڑ کر گئے تھے، وہ سب واپس آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے کلچر کو اپنانے والے غلام ذہن بن جاتے ہیں، علامہ اقبال کی شاعری کو پڑھیں تو ایسے لگتا ہے وہ آج بھی ہم سے بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کوپہلے سے ہی پتہ تھا کہ مسلمان ایک وقت دوسرے درجے کے شہری ہوں گے، علامہ اقبال کی سوچ تھی مسلمانوں کی ایک الگ ریاست ہو۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریاست مدینہ میں بتایا گیا کہ تعلیم سب سے زیادہ اہم ہے، سات سوسال تک مسلم ثقافت دنیا پرچھائی رہی۔