سندھ کے شہر خیر پور میں قومی شاہراہ پرآئل ٹینکر الٹ گیا، جس سے سڑک اور اطراف میں آئل بہہ کر پھیل گیا ہے۔
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے مطابق واقعہ خیرپور میں قومی شاہراہ پر شاہ حسین کے قریب پیش آیا،آئل ٹینکر الٹنے کے بعد پیٹرول کی لیکیج شروع ہو گئی۔
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر سڑک کو بند کرکے متبادل راستہ سے ٹریفک بحال کردی ہے جبکہ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس نے بتایا ہے کہ ٹینکر کراچی سے لاہور جارہا تھا، آئل بہہ جانے کے باعث کسی ناخوشگوار واقعے کو رونما ہونے سے روکنے کے لیے قریبی علاقے کو سیل کیا گیا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئل ٹینکر میں 50ہزار لیٹر پٹرول ہے، پولیس نے سڑک بند کرکے متبادل راستے سے ٹریفک کی روانی بحال کر دی ہے۔
ریسکیو ٹیم کی جانب سے ٹینکر کو اٹھانے اور ضائع ہونے والے پیٹرول کو آگ لگنے کے قابل نہ رہنے دینے کے لیے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔